کوئٹہ، موسم سرما کے آتے ہی مچھلیوں کی مانگ میں زبردست اضافہ
موسم سرما کے آتے ہی کوئٹہ میں مچھلی کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں
آرہا ہے۔ طبی ماہرین بھی عمومی طور پر مچھلی کے استعمال تجویز کرتے ہیں۔
مچھلی میں بے پناہ توانائی اور وٹامن موجود ہوتی ہیں۔
اس حوالے سے ایک شہری نیک محمد بلوچ کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں جوائنٹ
روڈ بہت مشہور ہے کیونکہ یہاں مچھلیوں کا بازار لگتا ہے۔ سردی کے موسم میں
خاص طور پر تمام لوگ یہاں مچھلی خریدنے کیلئے آتے ہیں۔ تازہ اور میٹھے پانی
کی مچھلی یہاں سستے داموں باآسانی مل جاتی ہے۔
ایک دکاندار آصف بلوچ کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں دور دور سے غریب اور
امیر دونوں یہاں مچھلی خریدنے کیلئے آتے ہیں۔ سردیوں میں کاروبار اچھا چلتا
ہے۔ ہمارے یہاں تمام اقسام کی مچھلیاں فروخت کیلئے موجود ہیں۔
دکاندار کا کہنا تھا کہ ذائقے کے اعتبار سے گلفام مچھلی، ملاکھا مچھلی،
ڈنگرا مچھلی، فنگر فش بہت بہترین ہیں جبکہ سائمن یا پاپلیٹ مچھلی کے خریدار
بھی ہم سے رجوع کرتے ہیں۔