Oct 20, 2016 01:40 pm
views : 1066
Location : Supreme Court of Pakistan
Islamabad- First step taken up to bring monarch under law, Chairman PTI Imran Khan
اسلام آباد، سپریم کورٹ کا نوٹس بادشاہ کو قانون کے نیچے لانے کیلئے پہلا قدم ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس پر
سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنا بادشاہ کو قانون کے نیچے
لانے کے لئے پہلا قدم ہے۔
سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ
مغرب میں جمہوریت کی تاریخ میگنا کارٹا سے شروع ہوئی تھی اور میگنا کارٹا
کے تحت ایک قوم نے فیصلہ کیا کہ بادشاہ کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو نوٹس جاری
کیا جو بادشاہ کو قانون کے نیچے لانے کی جانب پہلا قدم ہے، یہ پاکستان کی
جمہوریت اور ملک کے مستقبل کے لئے بہت ہی خوش آئند بات ہے، جب بھی یہ کیس
شروع ہو گا تو قوم کے سامنے وہ ساری چیزیں آئیں گی جو آج تک چھپائی گئی
تھیں۔
عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کا کہا
لیکن پیش نہیں کیا، اصولاً تو انہیں پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہیئے تھا
لیکن جب پارلیمنٹ نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو شکر ہے کہ سپریم کورٹ نے
اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وزیراعظم کو طلب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر انصاف کے ریاستی اداروں جیسے
نیب، ایف آئی اے، ایس ای سی پی، ایف بی آر جیسے اداروں کو متحرک ہونا
چاہیئے تھا لیکن ان اداروں نے کچھ بھی نہیں کیا، جب کسی معاملے پر انصاف نہ
ملے تو پر امن احتجاج ایک سیاسی جماعت کا حق ہے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا
اور یہ احتجاج پورے پاکستان کے انصاف کے اداروں اور وزیراعظم کے خلاف ہے،
سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے احتجاج کو اور بھی زیادہ تقویت ملے گی۔ ہم نے
انتخابات میں دھاندلی کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہے،
ہماری خواہش ہے کہ سپریم کورٹ اس معاملے کو بھی فوری سنے کیونکہ دھاندلی
اور کرپشن ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، جو لوگ دھاندلی کرتے ہیں وہی کرپشن
بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی ملک خوشحال ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان
کے ادارے مضبوط ہیں، جب ادارے کمزور ہوتے ہیں تو کرپشن زیادہ ہوتی ہے،
کرپشن ایک کینسر ہے جو ملک کو تباہ کر رہی ہے۔