لاہور، مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع میاں صاحب کی طبیعت کی وجہ سے پریشان ہوں،مریم نواز
احتساب عدالت نے چودھری شوگر مل کیس میں مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف چودھری شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی ، مریم نوازاور یوسف عباس کو 2روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے استفسار کیا کہ نواز شریف کیوں پیش نہیں ہوئے ؟ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ وہ سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں،شدید علالت کے باعث پیش نہیں ہو سکے،عدالت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ طلب کر تے ہوئے استفسار کیا کہ مریم نوازکے وکیل کہاں ہیں،جس پرمعاون وکیل نے عدالت کو بتایا گیا کہ وہ لاہورہائیکورٹ میں مصروف ہیں،عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں14روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 8نومبر تک ملتوی کر دی۔
مریم نواز کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک سال پہلے میری والدہ کا انتقال ہوا ہے میں اتنے دن جیل میں رہی ہوں ﷲ کا شکر ہے،جیل کی دیواریں مجھے کمزور نہیں کرسکیں،میاں صاحب کی بیماری کی حالت کی وجہ سے پریشان ہوں