Oct 26, 2023 06:33 pm
views : 114
Location : Islamabad high court
Islamabad- Nawaz Sharif's appeals against sentence in Avenfield, Al-Azizia references restored
ایون فیلڈ اور
العزیزیہ ریفرنس؛ نیب نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی حمایت کردی ،
پراسیکیوٹر جنرل نیب کا کہنا ہےکہ چیئرمین نیب اور میری متفقہ رائے ہے کہ
اپیل بحال ہونے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ
اگر اپیلیں بحال ہوئیں تو ہم دلائل دیں گے
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نیب نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی حمایت کر دی۔
سزا کے خلاف اپیل بحال کرنے کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ نیب پراسکیوٹر جنرل سید غلام قادر شاہ نے دلائل شروع کیے تو اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت نئی بنی ہے اس لیے ایکو کا مسئلہ ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب نے روسٹرم پر آکر کہا کہ ریفرنس واپس لینے کی گنجائش صرف اس صورت میں ہے جب فیصلہ نا سنایا گیا ہو، ہم نے ان اپیلوں پر غور کیا ہے، دونوں کیسز کے حقائق اور قانون کا جائزہ لیا گیا ہے۔
پراسکیوٹر جنرل نیب نے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جے آئی ٹی قائم ہوئی اور احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر ہوئیں، ریفرنس واپس لینے کی گنجائش احتساب عدالت میں موجود تھی لیکن کریمنل اپیل سماعت کے لیے منظور ہونے کے بعد واپس نہیں لے سکتے، اپیل سماعت کے لیے منظور ہونے کے بعد عدم پیروی پر بھی خارج نہیں ہوسکتی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پراسیکیوٹر کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی شواہد ملزم کے حق میں تو اسے بھی نہ چھپائے، پراسیکیوٹر کو ملزم کے لیے متعصب نہیں ہونا چاہیے، نواز شریف کی دو اپیلیں عدم پیروی پر خارج ہوئیں اور اس کیس میں دائمی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے، اس عدالت نے آبزرو کیا تھا کہ جب اشتہاری سرینڈر کرے اس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی ہو۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اپیلیں بحال کرنے پر نیب کو اعتراض نہیں ہے، عدالت اپیلیں بحال کرتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آپ کو کہا تھا کہ آپ اس سے متعلق مزید غور بھی کریں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر اپیلیں بحال ہوئیں تو ہم دلائل دیں گے۔
نیب نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی حمایت کر دی۔ پراسہکیوٹر جنرل نیب نے واضح کیا کہ چیئرمین نیب اور میری متفقہ رائے ہے کہ اپیل بحال ہونے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر موجود رہے۔