Jul 25, 2023 07:25 pm
views : 128
Location : Domestic Place
Lahore- Rivers swell as rains continue to lash cities across Pakistan
خیبر پختونخوا میں
بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 11 افراد جاں بحق ، پنجاب کے
مختلف اضلاع میں فلڈ الرٹ جاری ، حب ڈیم مکمل بھرنے میں ڈیڑھ فٹ باقی
پنجاب
کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد پراونشل ڈیزاسٹر
مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، راجن
پور اور رحیم یارخان کے اضلاع میں فلڈ الرٹ جاری کر دیا ، خیبر پختونخوا
میں بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
راجن
پور میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد کچے سے لوگوں
کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے ، بولان میں عارضی پُل بہہ جانے کے
سبب راستہ تاحال بند ہے، جس کی وجہ سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب جانے والی
گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں ، چلاس میں شاہراہِ قراقرم بند ہونے سے
گاڑیوں میں پھنسے مسافر اور سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،
دوسری جانب گلگت بلتستان میں تیز بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ
سلائیڈنگ ہوئی ہے۔
سندھ بلوچستان میں بارشوں کے باعث حب ڈیم مکمل بھرنے
میں ڈیڑھ فٹ کی سطح باقی رہ گئی ، واپڈا ذرائع نے بتایا ہے کہ بارشوں کے
پانی کے باعث 3 روز میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 9 فٹ بلند ہو چکی ہے۔
حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے، 22 جولائی کو حب ڈیم میں پانی کی سطح 329 فٹ سے زائد تھی۔
حب
ڈیم مکمل بھرنے سے پانی از خود اسپل ویز سے نکلنا شروع ہو جائے گا، ڈیم سے
نکلنے والا اضافی پانی حب ندی کے راستے سمندر میں جا گرے گا۔
کیچمنٹ ایریا سے حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حب ڈیم پانی سے مکمل بھرنے کا امکان ہے۔
خراب موسم کے سبب اندرون و بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جبکہ ٹورنٹو، مدینہ، مسقط اور ریاض کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
پنجاب میں موسم کی خرابی کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں جس کے باعث مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمۂ
موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود
رہنے کا امکان ہے، شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، شہرِ قائد
میں کم سے کم درجۂ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر قائد میں سب سے زیادہ بارش سُرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
سعدی
ٹاؤن میں 58، گلشنِ معمار میں 54، یونیورسٹی روڈ پر 52، نارتھ کراچی میں
51، اورنگی ٹاؤن میں 43، جناح ٹرمینل پر 31، گلشنِ حدید میں 24 اور اولڈ
ایئرپورٹ پر 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ شب شروع ہونے والی
بارش صبح بھی وقفے وقفے سے جاری رہی۔ گلشنِ اقبال، بہادرآباد، محمد علی
سوسائٹی اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
مسلسل تیز بارش کے
باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ برساتی نالے بھر جانے سے اہم
شاہراہوں پر پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ، ملیر
ہالٹ، گلستانِ جوہر اور شارعِ فیصل کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع
ہو گیا۔