الیکشن کمیشن آف پاکستان نے
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری کردئیے ، پیپلز پارٹی نے 93
سیٹیں حاصل کرلیں ، جماعت اسلامی دوسرے اور پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر ہے
الیکشن
کمیشن آف پاکستان نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری
کردئیے ہیں ، جن کے مطابق پیپلز پارٹی نے کراچی میں سب سے زیادہ نشستیں
حاصل کرلیں، جماعت اسلامی دوسرے اور پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کمیشن نے کراچی کی تمام 235 یونین کونسلز(یوسیز) کے نتائج جاری کیے ہیں۔
میڈیا
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن سے موصولہ غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز
پارٹی نے 93 یوسیز سے کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے
جو 86 نشستوں پر کامیاب ہوئی جب کہ تیسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف (پی
ٹی آئی) کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پر کامیابی ملی ہے جبکہ مسلم لیگ ن
نے7، جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پرکامیابی حاصل
کی ہے۔
10 یوسیز پر امیدوارں کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی اور ایک
نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسی چیئرمین وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔
کراچی
کی طرح حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی موصول ہونے کا سلسلہ
جاری ہے اور وہاں بھی پیپلز پارٹی کو سبقت حاصل ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری
نتائج کے مطابق حیدر آباد ضلع کی تین ہزار سے ایک سو ایک نشستوں میں سے
پیپلز پارٹی ایک ہزار 34 نشستیں حاصل کرکے سرفہرست ہے۔
اندرون سندھ کے
بیشتر اضلاع میں پیپلز پارٹی چھائی رہی اور بیشتر نشستیں حاصل کرکے سرفہرست
رہی۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران، حیدرآباد، جوہی، سیہون، ٹھٹھہ، جامشورو،
خیرپور ناتھن، مٹیاری، میہڑ، دادو، سجاول، بدین میرپور ساکرو، ماتلی و
دیگر اضلاع کی یونین کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
پی
ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد
کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری پاس کافی ثبوت ہیں جنہیں عدالتوں میں پیش
کریں گے، پی ڈی ایم کی چودھویں جماعت الیکشن کمیشن ہے، پی ٹی آئی ایک پرامن
جماعت ہے، ابھی تک امیدوار آر اوز کے دفتر کے باہر بیٹھے ہیں۔
کراچی
میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود تحریک
انصاف بہت ساری سیٹیں جیتی، الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے،
آزاد اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن بری طرح ناکام رہا۔